کاروار 29؍مارچ (ایس او نیوز) ڈانڈیلی میں موجود کچھ ریسارٹس کی طرف سے سیاحوں کو واٹر رافٹنگ کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔ مگر اس کے لئے انہوں نے متعلقہ ڈپارٹمنٹ سے کوئی اجازت نامہ حاصل نہیں کیا ہے اور واٹر اسپورٹس کے لئے ضروری تحفظاتی انتظامات بھی ان کے پاس نہیں ہوتے ہیں۔ اس بات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنر اجول کمار گھوش نے کہا ہے کہ ایسے ریسارٹس میں واٹر رافٹنگ پر مکمل پابندی فوری طور پرلاگو کی جارہی ہے۔ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی اقدام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جس ریسارٹ یا ایجنسی نے واٹر اسپورٹس کے لئے اجازت لے رکھی ہے ان کو اپنی سرگرمی جاری رکھنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔محکمہ سیاحت (ٹورزم) کی ایک نشست کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔
ڈی سی نے مزید بتایا کہ کاروارکے ماجالی میں تلماٹی بیچ کو جوڑنے والا ایک برڈج 2.23 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ کمٹہ بیچ کو بھی ترقی دے کر سیاحوں کو اس طرف راغب کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔